اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی ہلچل پر تشویش ہے اس لیے پاکستانی سیاست میں کشمیری تحریک کو متاثر نہ کیا جائے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت کوئی حکومت نہیں اور پاکستانی سیاست میں ہونے والی ہلچل پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تحریک نازک مسئلہ ہے اس لیے اس تنازع میں کشمیری تحریک کو متاثر نہ کیا جائے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان سے الحاق سے متعلق میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا جس نے ذاتی طور پر ٹھیس پہنچائی جب کہ اپنے بیان کی وضاحت بھی کرچکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا ملک ہے، اگر میں نے کوئی غلط بات کی ہے تو میری گردن اڑا دیں، میں آزاد کشمیر کے لوگوں کے پاس جاؤں گا اور اپنا مقدمہ پیش کروں گا۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ اب بھی کہتا ہوں قائداعظم کے پاکستان کا حامی ہوں، عمران خان کے پاکستان کو نہیں مانتا کیا مجھے پھانسی دیں گے، توہین برداشت نہیں کروں گا، وزارت عظمیٰ جاتی ہے تو چلی جائے اس کی کوئی پروا نہیں۔
انہوں نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کہتے ہیں عمران خان پڑھا لکھا ہے، کیا ایسے پڑھے لکھے لوگ ہوتے ہیں اور ایسے لوگ نیا پاکستان بنائیں گے۔
راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ کیا عمران خان کو کھلی چھٹی دی ہوئی ہے جو چاہے بولیں، گزشتہ روز چار گھنٹے تک میڈیا کو انہوں نے یرغمال بنائے رکھا، بانی ایم کیو ایم ایسا کرتے تھے تو ان پر اعتراض ہوتا تھا لیکن عمران خان ایسا کریں تو کوئی کچھ نہیں کہتا۔