چکوال : پاکستان تحریکِ انصاف شمالی پنجاب کے سینئر نائب صدر اور ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ورکروں کو یقینا یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے نا اہل لیڈر کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں اور اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ ن لیگ کے ووٹر ابھی موجود ہیں لیکن ان کے جلسے پر جانے کے اخراجات پٹواریوں اور گرداوروں پر ڈالنا سراسر زیادتی اور ایک کرپٹ معاشرے کو تقویت پہنچاتا ہے۔
پٹواریوں کی تنخواہیں کم ہیں اور ان پر بوجھ بہت زیادہ ہے اس لئے وہ اگر مجبوراََ کرپشن کریں تو ان کا کیا قصور ہے اس لئے پاکستان تحریکِ انصاف تبدیلی کی بات کرتی ہے تاکہ لوگ رزقِ حلال کما سکیں اگر سیاسی جلسوں کا بوجھ بے چارے سرکاری اہلکاروں کے زمے ڈالا جائے تو وہ بے چارے کرپشن نہ کریں تو کیا کریں ۔یہ سسٹم ملک کو کینسر کی طرح کھا رہا ہے اور سرجری انتہائی تکلیف دہ ہو گی لیکن سرجری تو بہر حال کرنی ہی پڑے گی ۔ملک کے صاحبِ شعور عوام کو سرجن سے نہیں سرجری سے غرض ہے ۔ہم نواز شریف کے نہیں کرپٹ نظام کے خلاف ہیں اور اگر یہ جاری رہا تو کئی اور نواز شریف پیدا ہونگے۔