پیرس (نمائندہ خصوصی) پیرس میں کشمیری کمیونٹی پندرہ اگست کو ایک مظاہرے کا انعقاد کرے گی۔ پندرہ اگست کو پیرس میں ایفل ٹاور کے قریب میٹرو اسٹیشن ٹروکاڈیرو پر شام پانچ بجے سے آٹھ بجے تک بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر یوم سیاہ منایا جائے گا۔
یوم سیاہ کے اس مظاہرے کا مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قبضہ ختم کروا کے کشمیری عوام کو ان کا حق دیا جائے۔
ہم فرانس میں مقیم پاکستانی کشمیری کمیونٹی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔
ان خیالات کااظہار مظاہرے کے آرگنائزرز صاحبزادہ عتیق الرحمن اور ممتاز اوورسیز کشمیری رہنما زاہد اقبال ہاشمی نے صحافیوں سے گفتگو کرتےہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم و جبر کے زور پر کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا کشمیریوں کی 70 سالہ جدو جہد اور لاکھوں قربانیاں عظیم مقصد کے لئے ہیں۔مسئلہ کشمیری عالمی سطح پر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں ظلم و ستم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکتا ۔کشمیریوں کی ستر سالہ جدو جہد آزادی رنگ لانے والی ہے ۔ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا۔کشمیری آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی ظلم و جبر کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حق آزادی دلانے میں کردار ادا کرے۔