قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کے ساحلی شہر اسکندریا میں دو مسافر گاڑیوں کی ٹکر سے 36 افراد ہلاک اور ایک سو سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ سہ پہر کے وقت ایک مضافاتی علاقے خورشید ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا جس میں قاہرہ جانے والی مسافر گاڑی کا انجن اور دوسری گاڑی کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ زیادہ امکان یہ ہے کہ پٹڑی کا کانٹا بدلنے کے نظام میں خرابی اس حادثے کا سبب بنی۔ تاہم اس بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔
سرکاری کنٹرول کے اخبار الاہرام کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکندریہ کے اسپتال میں 36 نعشیں لائی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوٹر نبیل صادق نے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
سرکاری ٹیلی کی فوٹیج میں دکھایا گیاہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد حادثے کا شکار ہونے والی بوگیوں کے گرد جمع ہیں ۔
ایک مسافر منعم یوسف کا کہنا تھا کہ ٹرین کی رفتار بہت تیز تھی۔ پھر اچانک میں فرش پر گر پڑا ۔ جب میں ڈبے سے باہر نکلا تو پتا چلا کہ گاڑی کی ٹکر ہو ئی ہے اور بہت سے لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔
سن 2012 میں جنوبی قاہرہ میں گاڑی کے حادثے میں 50 افراد ہلاک ہو گئے تھے ، جن میں اکثریت بچوں کی تھی۔ یہ حادثہ مسافر ٹرین اور ایک بس کے ٹکرانے پر پیش آیا تھا۔