سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب، ایم کیو ایم کا پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان

Senate

Senate

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کا چار رکنی وفد نثار کھوڑو کی سربراہی میں بہادر آباد کراچی میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پہنچا، وفد میں مرتضی وہاب، ناصر حسین شاہ اور ڈاکٹر عاصم بھی شامل تھے۔

ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ وہ ایک بہتر سیاسی ماحول پیدا کرنے کے لیے یہاں آئے تھے،ایم کیو ایم سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنا امیدوار پیپلز پارٹی کے حق میں بٹھا دے۔

ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل نے سینیٹ کی خالی نشست پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کارکنان کی بلا جواز گرفتاریوں اور اسیر کارکنوں کے مسائل اور بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے وفد کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔