میاں چنوں (نمائندہ خصوصی) نواحی گائوں امرت نگر 133 سولہ ایل میں وطنِ عزیز کا سترواںیومِ آزادی نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
اسی سلسلہ میں گورنمنٹ مڈل سکول میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں چئیرمین مقامی یونین کونسل چوہدری سلامت اللہ رکھا نے ہیڈ ماسٹر آصف گل کی ہمراہی میں پرچم کشائی کی رسم ادا کی ۔واضح رہے کہ اس موقع پر گورنمنٹ مڈل سکول کے طلباء سمیت دیگر سکولوں کے طلباء و طالبات، وائس چئیرمین یونین کونسل 58خان عبدالقیوم خان آفریدی ،سیکرٹری محمد ریاض انصاری و ممبران یونین کونسل،والدین اور معززینِ علاقہ کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔پرچم کشائی کی رسم کے بعدسکول سے متصل سالویشن آرمی چرچ میں جشنِ آزادی کے حوالے سے سکول طلباء و طالبات نے خوبصورت ملی نغمے و ترانے اور ٹیبلو شوزپیش کئے جبکہ چوہدری سلامت اللہ رکھا،چوہدری وکٹر ولیم،میجر افتخار الحق ذاکر،اے ڈی ساحل منیر،انسپکٹر بشارت شہزاد گل اور میجر ہیزل ذاکر نے اس عظیم دن کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
جبکہ اس دوران ملک کی بقا و سالمیت اور امن و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔علاوہ ازیں یونین کونسل کی طرف سے بچوں میں تحائف و انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔