کراچی (جیوڈیسک) زندگی بھر جذام کے مریضوں کے علاج اور خدمت کے حوالے سے عالمی سطح پر شہرت حاصل کرنے والی عظیم جرمن نژاد خاتون ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ آج ادا کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔
ڈاکٹر رتھ فاؤ کا جسد خاکی پولی ہسپتال سے ایم اے ایل پی ہسپتال پہنچا دیا گیا، جسد خاکی پاک فوج کی نگرانی میں منتقل کیا گیا، سولجر بازار سے ریگل چوک تک پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کر دیئے گئے۔ سینٹ پیٹرک چرچ میں آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
ڈاکٹر رتھ فاؤ کی تدفین قومی اعزاز کے ساتھ ہو گی، صدر مملکت ممنون حسین، گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ اور تینوں مسلح افواج کے نمائندے بھی رتھ فاؤ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
پنجاب حکومت نے تمام سرکاری عمارتوں پر آج قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جذام ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری دونوں کی خواہشوں پر عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ انہیں وینٹی لیٹر پر نہ رکھا جائے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ چاہتی تھیں کہ ان کا جسد خاکی میری ایڈیلیڈ ہسپتال لایا جائے اور سرخ جوڑے میں تدفین کی جائے۔