فیصل آباد کی خبریں 19/8/2017

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ وارڈنز کی عدم توجہی اور سی ٹی او کی کام میں دلچسپی کے باعث فیصل آباد بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ شہر کے صرف دو سے 3فیصد تک ٹریفک سگنلز ٹھیک باقی 98 فیصد خراب پڑے ہیں۔ جہاں خرابی ہے وہاں وارڈنز موجود نہیں اور جہاں وارڈنز موجود ہیں وہ صرف چالان کا ٹارگٹ پورا کرنے میں مصروف ہیں۔ وارڈنز کی عدم توجہی نے 90فیصد فیصل آبادیوں کو قانون شکن بنا دیا ہے کیونکہ اب ہر شہری سگنلز کی خلاف ورزی کرنا اپنا قومی کھیل سمجھنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا اقبال’ زاہد شیرازی اور سردار آصف رضا کے بعد ہمیں ایسا کوئی ایس ایس پی ٹریفک یا سی ٹی او نہیں ملا جو خود سڑکوں پر کھڑے ہو کر ٹریفک کنٹرول کرتا ہو۔ بقاء محمد بگٹی جب سے فیصل آباد میں تعینات ہوئے ہیں صرف ایک یا دو مرتبہ سرپرائز وزٹ پر نکل سکے بقایا دن انہوں نے ٹھنڈے بلکہ یخ ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر گزار دیئے۔ ٹریفک سگنلز کی خرابی دور کرنا میونسپل کارپویرشن کا کام ہے مگر جتنی سپیڈ کیساتھ وارڈنز چالان کرتے ہیں اگر صرف ایک دن کے چالونوں کی رقم ٹریفک پولیس اس جانب لگا دے تو صرف شہر ہی نہیں بلکہ ڈویژن بھر کے تمام ٹریفک سگنلز ٹھیک کرنے میں خاطر خواہ مدد مل سکتی ہے۔ اس لیے سی ٹی او خدا کا خوف کریں اور ٹریفک سگنلز ٹھیک کروانے کے لیے کسی کا منہ نہ دیکھیں۔ اگر سگنلز ٹھیک ہونگے تو حادثات میں کمی ہو گی ورنہ لوگ یونہی بے موت مرتے رہیں گے۔

فیصل آباد( )انصاف بزنس فورم کے صدر ظفر اقبال سندھو، چیئرمین اجمل چیمہ ، جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض ، سینئر وائس چیئرمین رانا سکندر اعظم ودیگر عہدیداران عبداللہ دمڑ، ظریف خان نیازی ، میاں ابوبکر جواد، ندیم صادق ڈوگر ، جبار شاہ ، کامران گیلانی، ریاض کموکا ، حسن نیازی، میاں طیب اور میاں معین الدین نے کہا کہ معیشت پرطاری جمود دراصل کرپٹ حکمرانوں کی نحوست کا نتیجہ ہے اگروطن عزیز سے آج کرپشن اورکرپٹ افراد کا خاتمہ کر دیا جائے تو ہماری معیشت دنوں میں اپنے پائوں پر کھڑی ہو جائے گی، عالمی کساد بازاری کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے، پاکستان میں شدید ترین مندی اور کساد بازاری کی اصل وجہ ودہولڈنگ ٹیکس ہے جس نے ہمارے بنکنگ نظام کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ بنکوں میں پڑی اپنی ہی رقم کی ٹرانزکشن پر 6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس دراصل ”سمدھی” ٹیکس ہے جس نے پہلے تاجروں اورصنعتکاروں کی کمر توڑی بعد میں بنکنگ نظام کا بھٹہ بٹھا دیا، آج حالات یہ ہیں کہ بنکوں کے پاس اپنے عملے کی تنخواہیں دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی مہذب یا غیر مہذب ملک میں ایسا کوئی قانون نہیں ہے کہ لوگ اپنی ہی رقم کو ادھر ادھر بھجوانے یا لین دین کرنے پر کوئی غنڈہ ٹیکس دیتے ہوں مگر سمدھی جی نے یہ کام پاکستان میں کردکھایا اور اپنا نام برائی کی کتاب کے پہلے صفحے کی پہلی ہی سطر پر لکھوا لیا، انصاف بزنس فورم کے عہدیداران نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر سب سے پہلے اس غنڈہ ٹیکس کاخاتمہ کرے گی ، تاکہ بنکنگ نظام کی ڈوبتی نائو کو بچایا جائے اس کے علاوہ تحریک انصاف تاجروں ، صنعت کاروں اور ایکسپورٹرز کو اس قسم کی مراعات دے گی کہ مندی کا نام ہی وطن عزیز کی ڈکشنری میں سے غائب ہو جائے گا۔

فیصل آباد ()پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رانا سیف خالد نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے نا اہل نواز شریف کیساتھ کسی بھی سطح پر رابطہ رکھنے یا ہاتھ ملانے سے انکار کرکے کروڑوں پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیں نواز شریف کو عدالت عظمیٰ کے 5رُکنی بنچ نے نہ صرف نا اہل قرار دیا بلکہ یہاں تک کہہ دیا کہ وہ صادق اور امین نہیں ہیں اس لئے اس تاریخی فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی کا نواز شریف سے کسی بھی قسم کا رابطہ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا’اُنہوںنے کہا کہ اقتدار میں آکر شریف برادران کی گردنوں میں سریا آجاتا ہے اور ان کی نظر میں انسان کی کوئی وقت نہیں نہیں ہوتی ان کی نسبت بھٹو خاندان نے اقتدار میں آکر ہمیشہ اپنا سر نیچا کیا وہ عوام کے حالات زندگی بدلنے کیلئے تگ ودو کی جس کی گواہی خود عوام دے سکتے ہیں آصف علی زرداری کے بعد ہمارے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی (ن)لیگ سے ہمیشہ کیلئے پیچھا چھڑا نے کا عندیہ دیکر کارکنوں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے کارکنوں اور جیالوں کو معلوم ہوگیا ہے کہ پیپلز پارٹی اب اکیلی ہی میدان میں اترے گی اور انشاء اللہ بلا شراکت غیرے اقتدار میں آکر عوام کی خدمت کرے گی ‘بلاشبہ چیئرمین اور کو چیئرمین کے اعلان نے پیپلز پارٹی کو ایک مرتبہ پھر عوام کی اُمیدوں کا مرکز بنادیا ہے ۔