ن لیگ کی صفوں میں ہلچل، چوہدری نثار آج اہم پریس کانفرنس کریں گے

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان آج شام اہم پریس کانفرنس کریں گے جب کہ اس حوالے سے مختلف چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں۔

چوہدری نثار کے ترجمان اسلم شاہد کے مطابق سابق وزیر داخلہ شام 5 بجے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار اپنی پریس کانفرنس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے اندرونی سیاست کے بارے میں بھی اظہار خیال کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پارٹی کے بعض رہنماؤں کی جانب سے چوہدری نثار کے طرز عمل پر کافی اعتراض کیا گیا ہے جس پر چوہدری نثار کھل کر پریس کانفرنس میں بات کریں گے۔

چوہدری نثار کی پریس کانفرنس کو لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں بے چینی پائی جاتی ہے اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے چوہدری نثار سے درخواست کی تھی کہ پریس کانفرنس نہ کریں کیوں کہ ان کے تحفظات کو مخالفین اپنے مفادات کے لئے اچھالیں گے۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار موجودہ وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں ہیں اور انہوں نے میاں نوازشریف کی اسلام آباد سے لاہور ریلی میں بھی شرکت نہیں کی تھی ۔

خیال رہے کہ چوہدری نثار نے پرویز رشید کا نام لیے بغیر ان پر شدید تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اتنے معصوم ہیں تو اپنی حکومت کو ڈان لیکس کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مشورہ دیں جب کہ پرویز رشید کی جانب سے بھی وزارت داخلہ سے متعلق بیان دیا گیا تھا۔