راشد منہاس شہید کا آج 46 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے

 Rashid Minhas

Rashid Minhas

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے بہادر نشان حیدرحاصل کرنے والے پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشدمنہاس شہید کا 46 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔

پائلٹ راشد منہاس شہید کراچی میں پیدا ہوئے اور اپنے ماموں ونگ کمانڈر سعید سے جذباتی وابستگی کی بنا پر پاک فضائیہ کا انتخاب کیا۔

انہوں نے اپنی پائلٹ کی تربیت پاکستان ائیرفورس اکیڈمی رسالپور میں حاصل کی اور 20 اگست 1971ء کو راشد منہاس شہید کی تیسری تنہا پرواز تھی۔

وہ ٹرینر جیٹ طیارے میں سوار ہوئے ہی تھے کہ ان کا انسٹرکٹر سیفٹی فلائٹ آفیسر مطیع الرحمان خطرے کا سگنل دے کر کاک پٹ میں داخل ہوا اور طیارے کا رخ بھارت کی سرحد کی طرف موڑ دیا۔

راشد نے ماڑی پور کنٹرول ٹاور سے رابطہ قائم کیا تو انھیں ہدایت دی گئی کہ طیارے کو ہر قیمت پر اغوا ہونے سے بچایا جائے۔

راشد منہاس نے خوب دیدہ دلیری سے دشمن کے مقصد کو ناکام کیا اور جہاز کا رخ زمین کی جانب کرکے تباہ کردیا۔اس طرح اپنی جان وطن عزیز کے لئے قربان کرکے شہادت کا رتبہ حاصل کرلیا۔

شہید پائلٹ راشد منہاس کو پاک فوج کی جانب سے نشان حیدرکے سب سے بڑے اعزاز سے نوازا گیا۔