لاہور (جیوڈیسک) بلاول ہاؤس میں چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں این اے 120 کے انتخابات کے لئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے فیصل میر کے الیکشن کو پارٹی کا الیکشن قرار دے دیا۔
کارکنوں سے خطاب میں سابق صدر آصف زرداری امریکی صدر پر بھی خوب گرجے برسے، بولے ڈونلڈ ٹرمپ دھمکیاں نہ دیں، ہم پاکستانی اور مسلمان ہیں، ٹرمپ جان لیں یہ افغانستان نہیں پاکستان ہے، پاکستانی کی قربانیاں امریکیوں سے کہیں زیادہ ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ امریکہ پاکستان سے حساب برابر کرنا چاہتا ہے تو ہم اس کے ساتھ پائی پائی کا حساب کرینگے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صرف پیپلز پارٹی ہی امریکی صدر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتی ہے۔
ہم نے کبھی امریکی دباؤ قبول نہیں کیا، امریکیوں سے سلالہ ایئربیس بھی ہم نے ہی خالی کرائی تھی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری نے کارکنوں کو این اے 120 میں بھرپور انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی۔