اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ دہشت گردی کو ختم کرنے سے متعلق ہمارا عزم کسی دوسرے ملک کا محتاج نہیں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان عالمی برادری کے ساتھ کام کرتا رہا اور کرتا رہے گا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے جب کہ اسے ختم کرنے سے متعلق ہمارا عزم کسی دوسرے ملک کا محتاج نہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام لیے بغیر ان پر کڑی تنقید کی۔
احسن اقبال نے کہا اگر پاکستان کا منتخب وزیراعظم عدالتوں کے ذریعے سزا پاسکتا ہے تو کوئی وجہ نہیں جس نے ملک کا آئین توڑا، ملک کو آگ و خون میں دھکیلا تو اس کو بھی سزا مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں رول آف لاء سب کے لیے ایک ہے، قانون کے سامنے کوئی تمیز نہیں کہ کون صدر، کون وزیراعظم اور کون عام شہری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے وقت میں ملک کے سیاہ وسفید کا مالک آج انٹرویو دیتا ہے لیکن قانون کاسامنا نہیں کررہا، اس شخص کے خلاف اگر عدالتوں میں مقدمات ہیں تو اس کا سامنے کرے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس شخص نے ملک سے جانے کا فیصلہ عدالت کے ذریعے کیا لیکن اس معاملے میں جو بھی قانونی تقاضے ہوں گے ہم اس کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کریں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عام انتخابات میں نادرا کا کردار کلیدی ہوگا، اسمارٹ شناختی کارڈ کا دائرہ وسیع کیا جارہاہے تاکہ جعلسازی کو روکا جائے۔