عید کا دوسرا روز، بچوں نے سیر و تفریح کے پروگرام بنا لئے

Eid Second Day

Eid Second Day

لاہور (جیوڈیسک) بچوں، بڑوں اور خواتین نے عید کے دوسرے دن کے پروگرام بنا لئے، بچے باغوں اور چڑیا گھر کی سیر کریں گے ، بڑے دوستوں کے ساتھ پارٹیاں اڑائیں گے اور خواتین مہمانوں کے لئےطرح طرح کے پکوان تیار کریں گی۔ عید کے دوسرے دن کی پارٹی ابھی چل رہی ہے۔ دوست یاروں اور رشتے داروں کی دعوتیں اور میل ملاپ کا سین آن ہے۔

ببو ، پپو ، شیلا ، ڈلو اور ببلو بھی تیار ہیں ۔ سب نے جمع عیدی کو ٹھکانے لگانے کا پورا پروگرام بنا رکھا ہے ۔ کچھ ٹولیاں باغوں کی سیر و تفریح کے لئے پہنچ رہی ہیں جہاں خوب ہلہ، گلہ اور موج مستی ہوگی۔ کہیں ہو رہی کشتی کی سواری تو کہیں لئے جا رہے جھولوں کے مزے اور کہیں ٹھنڈی میٹھی قلفیاں اڑائی جا رہی ہیں۔

چڑیا گھر میں آئے ماما پاپا کی گود میں بچے بھالو ، ہرن ، بارہ سنگھا دیکھ کر حیران ہیں ، کوئی بندر کے ساتھ اٹکھیلیاں کر رہا ہے تو کوئی ببر شیر دیکھ کر پریشان ہے ۔ چمپینزی ۔ اور بن مانس بھی شرارتیں کر رہا ہے۔

ادھر خواتیں نے اپنے پیاروں کے لیے لذیذ کھانوں کا مینو تیار کر رکھا ہے ۔ کہیں تکے اور چپلی کباب بنائے جائیں گے۔ کہیں مینو میں بریانی ، قورمہ اور روغنی نان ، املی کی چٹنی ٹھنڈی بوتلیں شامل ہیں ۔ لذت کام و دہن کے لئے ہر کام عالی شان ہو گا۔

خواتین نے مہمانوں کی خاطر مدارت کے لئے طرح طرح کے پکوانوں کے ساتھ رات کے لئے بار بی کیو کا پروگرام بنا رکھا ہے۔