اسلام آباد : برما میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے بدترین مظالم نے انسانیت کو شرما دیا ہے۔ ہولناک مظالم پر دنیا کی خاموشی مسلم اُمہ بارے ان کے دوہرے معیار کی عکاس ہے ۔ان خیالات کا اظہار اہل حدیث یوتھ فورس اسلام آباد کے صدر راشد شیخ نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ برما کی حکومت اور فوج نے نہتے مسلمانوں پر دہشت گردی کی انتہا کر دی ہے ۔لیکن عالمی طاقتیں ٹس سے مَس نہیں ہو رہیں۔جب مسلمان اپنے اُوپر ہونے والے مظالم کے خلاف ہتھیار اُٹھاتے ہیں تو مغرب کو انسانی حقوق یاد آجاتے ہیں۔
انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیموں اور موم بتی مافیا کو برما میں کٹے ہوئے بچوں، عورتوں اور جوانوں کے لاشے دکھائی کیوں نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اُمّہ غیروں سے مدد مانگنے کے بجائے خود کو مضبوط کرے۔ اسلامی اتحاد برما کے مسلمانوں کی مدد کرے۔ چین مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو رکوانے کے لئے اپنا مئوثر کردار ادا کرے۔راشد شیخ نے کہا کہ دہشت گردی جہاں بھی اور جس کے خلاف بھی ہو اس کی مذمت کی جانی چاہئے۔ لیکن مسلمانوں کو کاٹ کر دنیا میں امن کی توقع رکھنا ناممکن ہے۔اگر آپ اسلامی دہشت گردی کی بات کرتے ہیں تو یورپ میں مسلمانوں کے خلاف تعصب کو عیسائی دہشت گردی ، اسرائیلی مظالم کو یہودی دہشت گردی ،برما کے مظالم کو بدھ مت دہشت گردی اور کشمیری مظالم کو ہندو دہشت گردی کا نام بھی دیں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں فساد کی وجہ مسلمان نہیں بلکہ اقوام عالم کا دوہرا معیار ہے۔