اسلام آباد کی عمارت میں آتشزدگی: چھلانگ لگانے والے 2 نوجوان جاں بحق

Building Fire

Building Fire

اسلام آباد (جیوڈیسک) ریڈ زون میں واقع عوامی مرکز میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگانے والے 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق عوامی مرکز کے گراؤنڈ فلور پر واقع وفاقی محتسب کے دفتر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔

آگ لگنے کے بعد علی رضا اور عمر نامی 2 نوجوانوں نے عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگادی جس کے نتیجے میں انہیں زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت میں ایمرجنسی راستہ موجود تھا تاہم نوجوانوں نے گھبراہٹ میں چھلانگ لگائی۔

آگ لگنے کے بعد رینجرز، پولیس، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا جب کہ آگ بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیوں نے حصہ لیا۔

ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے وفاقی محتسب کے دفتر کا ریکارڈ بھی متاثر ہوا ہے جب کہ پارکنگ میں کھڑی دو گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔

دوسری جانب عوامی مرکز میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لئے ڈپٹی کمشنر فراست خان نے اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر جواد مظفر کی قیادت میں تین رکنی کمیٹی بنا دی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کمیٹی میں اسلام آباد پولیس کے ایس پی سمیت سی ڈی اے کا نمائندہ بھی ہوگا جب کہ تحقیقاتی ٹیم تین روز میں آگ لگنے کی وجوہات پر مبنی رپورٹ جمع کرائے گی۔