لاہور (جیوڈیسک) امریکی صدر کی گیدڑ بھبکیوں کے بعد پاکستان نے دوست ممالک سے رابطے تیز کر دیئے، وزیر خارجہ خواجہ آصف ایران کے دورے پر روانہ ہو گئے۔
وہ ایرانی صدر اور وزیرخارجہ سے ملاقات کریں گے، ملاقات کے دوران امریکا کی نئی افغان پالیسی اور اس کے خطے پر اثرات سےمتعلق بات چیت ہوگی، جبکہ پاک ایران باہمی تعلقات، عالمی اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
پاکستانی وفد میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر ارکان بھی شامل ہیں۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اس سے پہلے چین کا دورہ کر کے امریکا کی نئی افغانستان پالیسی پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔ امریکی صدر نے نئی افغان پالیسی کے اعلان کر کے موقع پر پاکستان پر سنگین الزامات لگائے تھے، جنہیں پاکستانی حکومت نے مسترد کر دیا تھا۔