فیصل آباد کی خبریں 11/9/2017

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما اور میونسپل کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر شیراز کاہلوں نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ناکام ترین سیاسی کپتان کے بدتمیز کھلاڑی جس طرح ہمارے قائد کی بیٹی کے خلاف ہر زہ سرائی اور بدزبانی کررہے ہیں وہ کسی صورت بھی سیاست کیلئے درست نہیں اگر یہ گندی روایت چل نکلی تو پھر زبان سب رکھتے ہیں اور سوشل میڈیا کا استعمال بھی جانتے ہیں ،ایسا نہ ہو کہ متوالوں کو کھلی چھٹی دیدی جائے جس کے بعد عمران خان کو منہ چھپانے کی بھی جگہ نہ ملے انہوںنے کہاکہ گزشتہ روز عمران خان نے لاہور میں جلسہ کرکے اپنی سیاسی اوقات دیکھ لی ہے ،پنڈال میں لگی چند سو کرسیوں میں سے بھی نصف کے قریب خالی پڑی تھیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام اب روز روز کی ڈرامے بازیوں سے تنگ آچکے ہیں ،عمران خان اپنے ہر جلسہ میں ایک جیسے الزامات لگا کر عوام کو بور کررہے ہیں اس سے عوام ان سے مکمل بیزار ہوچکے ہیں ،17ستمبر کو عوام اسی بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو مسترد کرکے ن لیگ کی امیدوار محترمہ کلثوم نواز کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے ،جس کے بعد عمران خان اور اس کے حواریوں کی سیاست کا سورج ہمیشہ ہمیشہ کیلئے غروب ہوجائے گا ۔

فیصل آباد ( سٹی رپورٹر) انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے صدر پرویز اقبال کموکا چیئر مین ظفر اقبال سندھو ،جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض ،سینئر نائب صدر طارق قادری ودیگر عہدیدارا ن رانا خالد محمود ،شیخ زاہد سعید ،مرزا دائود ابراہیم ،رانا عبدالحمید ،میاں عابد ،خالد محمود قاسمی ،شکیل عابد بھٹی ،چوہدری غلام سرور اور عرفان منج نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کیخلاف حکومت پاکستان وہ آواز بلند نہیں کرسکی جو ایک اسلامی جمہوریہ مملکت کو اٹھانی چاہیے تھی ،برمی فوج انتہائی تسلسل کیساتھ ان مظلوم مسلمانوں کی نسل کشی کررہی ہے ،پورا گائوں نذر آتش کردیا گیا جو معصوم بچے بچ گئے تھے ان کے سر قلم کردئیے گئے جبکہ جل کر مرنے والی خواتین کو برہنہ کرکے کیچڑ میں پھینک دیاگیا ایسا ظلم کہ جسے دیکھ کر خود ظلم شرما گیا ہوگا ،اس ظلم پر بطور ایٹمی طاقت پاکستان نے وہ آواز نہیں اٹھائی جس کی مسلمان توقع کررہے تھے ،انہوںنے کہاکہ فوری طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اوآئی سی کا اجلاس بلا کر آنگ سانگ سوچی سے امن کا نوبل انعام واپس لینے کا مطالبہ کرنا چاہیے تھا ،تاہم اب بھی کچھ نہیں بگڑا حکومت فوری طور پر میدان میں آئے اور روہنگیا مسلمانوں کی داد رسی کرتے ہوئے انہیں گلے سے لگا کر وہ کردار ادا کرے جس کی اشد ضرورت ہے ،پاکستانی قوم اپنے ان مسلمانوں کیلئے خود تو بھوکے رہ لیں گے مگران کو پیٹ بھرکر کھانا کھلائیں گے کیونکہ یہ ہماری شریعی ذمہ داری بھی ہے ۔

فیصل آباد ( سٹی رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما رانا سیف خالد نے کہا ہے کہ لاہوریوں نے پولنگ سے پہلے ہی فیصلہ کرلیا ہے ،17ستمبر کو عام فیصل میر کو کامیاب کروا کر حلقہ کی تقدیربدلنے کی بنیاد رکھیں گے جبکہ ن لیگ کو یہاں سے صرف رسوائی ملے گی اور تحریک انصاف اپنا سر پیٹ کر رہ جائے گی ،عوام نے یہاں سے نواز شریف کو 2013ء میں منتخب کیا مگر سوا چار برسوں میں عوام کو پینے کا صاف پانی نہ مل سکا ہمارا وعدہ ہے فیصل میر کامیابی حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے یہاں صاف پانی فراہم کریں گے تاکہ لوگ ہیپاٹائٹس جیسی موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں ،انہوںنے کہا کہ این اے 120میں ایک بھی ایسا ہسپتال نہیں جہاں شریف فیملی کا علاج ہوسکے جبکہ رائے ونڈ کے قریب واقع شریف ٹرسٹ ہسپتال میں صرف لوگوں کی کھال اتاری جاتی ہے ،مگر وہاں بھی شریف فیملی کے علاج کیلئے کوئی سہولت نہیں جو کہ ڈوب مرنے کا مقام ہے ،تحریک انصاف کے چیئر مین نے صرف الزام تراشی اور بدزبانی کے علاوہ کچھ نہیںکیا اس لئے عوام ان کی امیدوار کو بھی یکسر مسترد کردیں گے ان دونوں ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کوووٹ دیکر شہداء کی پارٹی کو خراج تحسین پیش کریں گے ۔

فیصل آباد ( سٹی رپورٹر) مسلم لیگ ن کارپوریشن کے جنرل سیکرٹری شاہد محمود بیگ اور جوائنٹ سیکرٹری محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ پاناما کیس نظر ثانی اپیل پر چیف جسٹس آف پاکستان کو اپنی سربراہی میں فل کورٹ بینچ تشکیل دینا چاہیے تھا ،کیونکہ جو بنچ تشکیل دیاگیا یہ تو وہی ہے جس نے فیصلہ سنایا تھا لہذا یہ بنچ کس طرح اپنے دئیے گئے فیصلے کو ختم یا تبدیل کرے گا اس لئے درخواست گزاروں کو انصاف ملنا ممکن نظر نہیں آرہا ،انہوںنے کہا کہ تین رکنی بنچ کا فیصلہ 5رکنی بینچ نے سنایا تھا اس لحاظ سے ان پانچوں ججز کو نظر ثانی درخواستیں سننے سے خود ہی معذرت کرلینی چاہیے تھی تاکہ کوئی نئی بنچ معروض وجود میں آتا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوتے ،درخواست گزار وطن عزیز کا تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے کیساتھ ساتھ ملک وقوم کیلئے حقیقی مسیحا کی حیثیت بھی رکھتا ہے ،انہی کی کوششوں اور محنت کے نتیجہ میں آج پاکستان لوڈشیڈنگ فری ملک بننے جارہاہے ،نومبر میں باضابطہ طور پر اس نحوست سے جان چھڑانے کا اعلان کردیا جائے گا اس لئے چیف جسٹس آف پاکستان اس معاملے پر ہمدردانہ غور کریں اور موجود ہ تین رکنی بینچ کو تحلیل کرکے اپنی سربراہی میں فل کورٹ بینچ بناکر درخواست گزاری کی اپیل سنیں اسی سے ہی انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں گے ۔