وزیر خارجہ خواجہ آصف کی ترک صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات

 Khawaja Asif

Khawaja Asif

انقرہ (جیوڈیسک) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیر اعظم بنیالی یلدرم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ترک قیادت نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔ ترک وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترکی پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے اور پاکستان اور ترکی کے تعلقات دیرینہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دیں، ساٹھ ہزار پاکستانیوں نے دہشتگردی کے خلاف قیمتی جانیں گنوائیں،عالمی برادری پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ افغانستان کے معاملے پر ترکی پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔

ترک صدر سے وزیر خارجہ کی ملاقات میں باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال اور مختلف بین الاقوامی امور پر بات کی گئی۔ ملاقات میں ترک وزیر خارجہ بھی موجود تھے۔