وزیرآباد کی خبریں 14/9/2017

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) گیپکو نے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری رکھتے ہوئے مزید20بجلی چور پکڑ لئے،3کے خلاف ایف آئی آر درج، بجلی چوروں کو54058یونٹس کی مد میں9لاکھ90ہزار روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بل جاری۔۔تفصیلات کے مطابق گیپکو میں بجلی چوروں کے خلاف جاری حالیہ مہم کے دوران ریجن بھر سے مزید20بجلی چور رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو54058یونٹس کی مد میں9لاکھ90ہزار روپے سے زائد کے ڈیٹیکشن بِل جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کیلئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں۔بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں میں طارق اسماعیل، اعجاز، دلشاد احمد، عبدالغنی، محمد اشرف، محمد خالد، ظفر اقبال، منظور حسین، سنی سردار، صالح محمد، خواجہ محمد ریاض، طارق محمود، عتیق الرحمن، ناصر جاوید، محمد یعقوب ، رفاقت علی، غلام مصطفی، اللہ رکھی، حمید بی بی اور محمد بوٹا کے نام شامل ہیں۔

وزیرآباد(عقیل احمد خان لودھی) شہر اور اس کے گردونواح میں گزشتہ چند برسوں کے دوران موٹر سائیکل رکشوں کے کم عمر اور بغیرلائسنس یافتہ ڈرائیوروں کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں خطر ناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔شہر اور گردونواح میں اس وقت ایک ہزار سے زائد چنگ چی رکشہ چلائے جارہے ہیں جنہیں چلانے والوں کی ایک کثیر تعداد 18 سال یا اس سے کم عمر بچوں کی ہے۔ٹریفک قوانین سے لاعلمی کی وجہ سے یہ کم عمر ڈرائیور شہر میں بڑھتے ہوئے حادثات کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی میں بھی مسائل پیدا کرنے کا موجب ہیں۔ صرف چنگ چی رکشوں کی وجہ سے روزانہ کئی حادثات رونما ہوتے ہیں جن کا شکار بننے والوں میں سے اکثر کو عمر بھر کی معذوری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ٹریفک قوانین سے نابلد کم عمر رکشہ ڈرائیور تیز رفتاری سے رکشہ چلاتے اور اکثر سواریوں کو بٹھا کر ریس لگاتے نظر آتے ہیں جبکہ یہی رکشہ ڈرائیور جہاں چاہے بریک لگا کر گھنٹوں ٹریفک بلاک رکھتے ہیں۔ٹریفک وارڈنوں کی موجودگی کے باوجودشہر میں کم عمر رکشہ ڈرائیور اندھا دھند ڈرائیوکرتے نظر آتے ہیں مگرانہیں کوئی پوچھنے والا نظر نہیں تا۔ شہریوں نے چیف ٹریفک افسر گوجرانوالہ سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی)کچہری کے اطراف میں غیرقانونی کاراسٹینڈ ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے لگا۔ شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ۔ ایوان عدل وزیرآباد کے باہر عرصہ دراز سے ٹیکسی، کار اسٹینڈ قائم ہے ۔ کاراسٹینڈ کو چلانے والے افراد نے قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے سرکلرروڈ کو جانے والی سڑک پر بھی گاڑیاں پارک کرارکھی ہوتی ہیں جس کی وجہ سے دوطرفہ ٹریفک کو آمدورفت میں مسلسل رکاوٹ کا سامنا رہتا ہے مسئلہ اس وقت زیادہ گھمبیر ہوجاتا ہے جب تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال آنے اور یہاں سے ایمرجنسی میں مریضوں کو گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کیلئے ایمبولنس پر ریفر کیا جاتا ہے۔ مریضوں کو لیجانے والی ایمبولینسز گھنٹوں ٹریفک میں پھنسی رہتی ہیں تو دوسری جانب غیر قانونی اسٹینڈ کی وجہ سے اکثر حادثات بھی رونما ہوتے رہتے ہیں۔ عوامی، سماجی حلقوں نے کمشنر گوجرانوالہ، ڈی سی اوگوجرانوالہ اور دیگر ارباب اختیار سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی)پانچ سالہ دور اقتدار مکمل ہونے کو، وعدوں کے باوجود وزیرآباد کے نواحی علاقہ ویروکی کی عوام کو سوئی گیس کی سہولت فراہم نہ کی جاسکی۔وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ، مولانا ظفر علی خان چوک اور نئے تعمیر جوڈیشل کمپلیکس سے محض ایک کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع گائوں ویروکی میں قیام پاکستان سے لیکر آج تک سہولتوں کا فقدان چلا آرہا ہے ۔ علاقہ کے لوگوں کو سب سے بڑا مسئلہ ایندھن کی کمی کا درپیش ہے گھروں کے چولہے گرم رکھنے کیلئے گائوں کے مکینوں کو ہزاروں جتن کرنا پڑتے ہیںاس کے باوجود کہ گائوں سے صرف ایک فرلانگ سے بھی کم فاصلہ سے سوئی گیس کی مین پائپ لائن گزررہی ہے اسی پائپ لائن پر ویروکی سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلہ پر گرڈ اسٹیشن بنا کر دوردراز کے دیہاتوں بھروکی، مردیکے، دھونکل کو سوئی گیس کی سہولت فراہم کئے ایک عشرہ سے زائد کا وقت گزر چکا ہے مگر ویروکی کے مکینوں کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کرتے ہوئے ممبران اسمبلی کے دعووں، وعدوں کے باوجود انہیں اس سہولت سے مسلسل محروم رکھا جارہا ہے۔ اہل علاقہ نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ مکینوں کو درپیش اس اہم مسئلہ کو ختم کرتے ہوئے سوئی گیس کی فراہمی کیلئے مدد کی جائے ۔