خوشاب (جیوڈیسک) خوشاب میں پی ٹی آئی کا جلسہ منعقد ہوا۔ عمران خان نے شرکاء سے دھواں دار خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، کرپشن ملک کو دیمک کی طرح کھا جاتی ہے، چھوٹے سے طبقے نے کرپشن کر کے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے، سنگا پور آج ہم سے آگے نکل گیا ہے، سنگارپور 520 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کرتا ہے اور وہاں اوسط آمدن 50 ہزار ڈالر ہے جبکہ پاکستان کی اوسط آمدن صرف 1500 ڈالر ہے، چھوٹے سے طبقے نے کرپشن کر کے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ چھوٹا چور جب چوری کرتا ہے تو پیسہ ملک میں رہتا ہے، جب بڑے ڈاکو تو پیسہ باہر بھیجتے ہیں تو ملک کو قرضے لینے پڑتے ہیں، پاکستان میں گیس اور بجلی برصغیر میں سب سے مہنگی ہے، مجھے کیوں نکالا؟ والا چھوٹا سا طبقہ اربوں پتی بن گیا ہے۔ عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مریم نواز سے پانامہ انکشاف سے پہلے پوچھا گیا تو کہا کہ لندن تو دور پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں ہے، مریم بی بی کو کیا پتہ تھا کہ اللہ کی پکڑ ہو گی، مریم کو نہیں پتا تھا کہ پانامہ کے انکشافات ہو جائیں گے، حسین نواز نے کہا کہ الحمد اللہ لندن فلیٹس ہماری پراپرٹی ہے، اگر ان کے پاس ہلال کا پیسہ ہوتا تو مریم بی بی کو جھوٹ نہ بولنا پڑتا۔
کل لاہور میں تحریک انصاف کا مقابلہ حکومت سے ہے، جیت کے بعد جشن منائیں گے، عمران خان کا اعلان، کہتے ہیں مریم مظلوم نہ بنو، لوگوں کو سچ بتا دو، مریم مظلوم بن کر کہتی ہیں کہ ماں بیمار ہیں ووٹ دیدو، مریم بی بی سے پوچھیں، 30 سال سے یہ ایک ہسپتال نہیں بنا سکے جس میں کلثوم کا نواز کا علاج ہو سکے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف یہ نہ پوچھو کہ مجھے کیوں نکالا، یہ بتاؤ کہ جو جیلوں میں ہے ان کا کیا قصور ہے، آپ کے ایک بیٹے کا محل تمام چھوٹے چوروں کی چوری سے زیادہ ہے، این اے 120 کے لوگو! سارا پاکستان آپ کی طرف دیکھ رہا ہے، کیا آپ عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں یا پھر پاکستان کے سب سے بڑے ڈاکو کیساتھ کھڑے ہیں، ہمیں پتا ہے کہ یہ پیسہ چلائیں گے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میں اقتدار میں نہیں رہا لیکن شوکت خانم میں علاج کرایا، نیا پاکستان نظر آ رہا ہے، انصاف کی جیت ہو گی، مجھے قائد اعظم اور علامہ اقبال والا مضبوط پاکستان نظر آ رہا ہے، خیبر پختونخوا میں پہلی باری ملی، خیبر پختونخوا میں پنجاب کے مقابلے میں چار گنا غربت کم ہوئی، پختونخوا کے لوگ دوسری بار کبھی کسی کو ووٹ نہیں دیتے، اگلے الیکشن میں دو تہائی اکثریت سے جیتیں گے، پختونخوا میں ڈیزل کا حال بھی بہت برا ہونے والا ہے۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم اقتدار میں آ کر ساری پالیسیاں غربت کو کم کرنے کے لئے بنائیں گے، نواز شریف کی طرح کے لوگ ٹیکس نہیں دیتے، ہم ٹیکس کا منصفانہ نظام لائیں گے۔