لاہور (جیوڈیسک) این اے 120 لاہور کا میدان سج گیا، ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل شروع کر دیا گیا، کون بنے گا سلطان؟ آج بڑا جوڑ پڑے گا، اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، بائیو میٹرک مشینیں اور انتخابی سامان پہنچا دیا گیا، پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر ڈیوٹی دے رہے ہیں۔
تمام پولنگ سٹیشنز حساس قرار دے دیئے گئے ، لاہور کے دل پر کس کا راج ہوگا اس کا فیصلہ آج ہوگا ، تمام نگاہیں ضمنی الیکشن پر لگ گئیں ، این اے 120 میں نون لیگ کی بیگم کلثوم نواز ، پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد اور پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر میں زور کا جوڑ پڑنے کا امکان ہے لیکن دیگر امیدوار بھی ٹف ٹائم دینے کیلئے تیار ہیں ۔ پارٹیوں کا جوڑ توڑ آخری وقت تک جاری رہا ، اے این پی کے امیدوار امیر بہادر ہوتی بیگم کلثوم نواز کے حق میں دستبردار ہوگئے۔
آئندہ الیکشن کا ٹرینڈ سیٹ کرنے والے حلقے میں پولنگ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ۔ انتخابی سامان اور بائیو میٹرک مشینیں پولنگ سٹیشنز پر پہنچا دی گئی ہیں ۔ تمام دو سو بیس پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے ، نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئیے گئے ۔ سیکورٹی کے لیے فوج اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے ۔ فوجی جوان پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر ڈیوٹی دیں گے ، حلقے میں پولیس کے سات ہزار اہلکار فرائض انجام دیں گے ۔ پولیس کو پانچ زونز ، 11 سرکلز اور 23 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے ، ہر زون کا انچارج ایس پی سرکل کا ڈی ایس پی ہو گا۔