اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور ان کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے قتل کرایا۔
سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007ء کو اس وقت فائرنگ اور بم دھاکہ سے شہید کردیا گیا تھا، جب وہ 2008ء میں ہونے والے عام انتخابات کی مہم کے سلسلے میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک جلسے کے اختتام پر اپنے گاڑی میں روانہ ہو رہی تھیں۔
ایک ویڈیو پیغام میں پرویز مشرف نے کہا ہے کہ دیکھنا چاہے کہ بے نظیر کے قتل کا فائدہ کس کو ہوا۔ بلاول، آصفہ، بختاور اور قوم کا بتانا چاہتا ہوں کہ بے نظیر کا اصل قاتل کون ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے مجھ پر بے نظیر بھٹو کے قتل کا الزام لگایا اور نام لے کر مجھے للکارا ہے۔
یاد رہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں پرویز مشرف کو بھی عدالت مفرور ملزم قرار دے چکی ہے۔
گزشتہ ماہ 31 اگست کو راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بے نظیر بھٹو کے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے دو پولیس افسروں کو سترہ ،سترہ سال قید کی سزا سنائی تھی اور سابق صدر پرویز مشرف کو مفرور قرار دیا تھا۔