اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت میں لیڈرشپ میرٹ پر آتی ہے ، بادشاہت میں لیڈرشپ خاندان کے ذریعے آتی ہے ، نواز شریف کا حال ترکی کے آخری سلطان جیساہے۔
جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑی قوم کیلیے کھیلنا شروع کرتے ہیں تو وہ قوم جیت جاتی ہے، تحریک انصاف کی بہترین ٹیم بنا رہا ہوں، میرے کھلاڑی اپنے لیے نہیں قوم کیلیے کھیلیں گے۔
چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے زندگی میں کوئی کام نہیں کیا تو وہ لیڈرز کیسے بن سکتے ہیں، جن لوگوں نے زندگی میں کچھ نہیں کیا وہ ملک کیسے ٹھیک کریں گے جب کہ آصف زرداری نے کاغذ کا ٹکرا دکھایا اور کہا کہ مجھے پارٹی وراثت میں مل گئی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میرٹ ختم کر کے سول سروس کو تباہ کیا گیا، جمہوریت میں لیڈرشپ میرٹ پر آتی ہے جب کہ بادشاہت میں لیڈرشپ خاندان کے ذریعے آتی ہے، مسلمانوں میں بادشاہت پروان چڑھی جس کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے مگر یورپ میں جمہوریت آ گئی جس سے انہوں نے ترقی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ اور ہاکی کا چیمپئن رہ چکا ہے مگر آج ہمارے پاس اولمپک کیلیے ایک بھی کھلاڑی نہیں ہے جب کہ کھلاڑی نہ ہونے کی وجہ میرٹ کا نہ ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن تو ہمارے ملک کے اندر ہی بیٹھے ہیں ، عوام کا خون چوسنے والوں کو شکست دیں گے ، لاہور ہائی کورٹ کے سانحہ ماڈل ٹائون کی رپورٹ سامنے لانے کے فیصلے پر اﷲ کا شکرگزار ہوں انہوں نے کہا کہ اگر جماعتوں کے اندر میرٹ ہوتا تو حالات ایسے نہ ہوتے ۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ یہ ملک کا خون چوس رہے ہیں، ان کو شکست دے کر نیا پاکستان بنائیں گے۔