کراچی: سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے صدر شہیرسیالو ی نے کہاکہ محرم میں سیکورٹی رینجرز کے حوالے کرنے کا فیصلہ خوش آیند ہے، رینجرز نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کراچی میں امن بحال کیاہے،ماہ محرم سیکورٹی کے حوالے سے انتہائی حساسیت کا حامل ہیں، سیکورٹی انتظامات حکومت کی ذمہ داری ہے کیونکہ محرم آتے ہی دشمن قوتیں فرقہ واریت پھیلانے میں سرگرم ہوجاتی ہیں۔
شہیرسیالوی نے محرم میں سیکورٹی کیلئے رینجرز کی تعیناتی کے فیصلے کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہاکہ سندھ بھربالخصوص شہر قائد میں امن رینجرزاور دیگر قانونی اداروں کی مرہون منت ہے، رینجرز کی شہر میں تعیناتی سے قبل یومیہ 10سے 12افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنتے رہے ہیں اور شہر میں خوف ہراس کاراج تھا لیکن رینجرز تعیناتی اور کارروائیوں سے آج شہر میں تیزی سے امن کی بہاریں لوٹ رہی ہیں اور عوام سے خوف بھی کافی حدتک ختم ہوچکاہے۔
انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ نے محرم کی سیکورٹی کو رینجرز کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرکے درست اقدام کیاہے، انہوں نے مزید کہاکہ منظم سازش کے تحت محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں خوف کی فضا قائم ہوجاتی ہے اور فرقہ واریت پھیلانے کی کوششوں میں دشمن مصروف ہوجاتے ہیں،حکومت کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور عوام پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شرپسندعناصر کے شر سے محفوظ رہتے ہوئے ان کی جانب سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈوں اور افواہوں پر کان نہ دھریں،اور عوام میں منبرو محراب کے ذریعے بھائی چارگی کی فضا قائم کرنے کیلئے بلند کردار ادا کرکے محب وطن ہونے کا ثبوت دیں۔