آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست، انڈین ٹیم نمبر ون بن گئی

 Indian team

Indian team

اندور (جیوڈیسک) انڈین ٹیم نے اندور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز کو 3 صفر سے اپنے نام کر لیا ہے۔ آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے انڈین ٹیم کو جیت کیلئے 294 رنز کا ہدف دیا جو اس نے سینتالیس اعشاریہ پانچ اوورز میں صرف پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ بھارت کی جانب سے اے ایم رہانے 70، روہت شرما 71 اور ہاردک پانڈیا 78 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے 2 جبکہ کلٹر نائل، کے ڈبلیو رچرڈسن اور اے سی آگر نے ایک ایک کھلائی کو آؤٹ کیا۔

انڈین ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں تین صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نمبر ون پوزیشن پر بھی قبضہ جما لیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل انڈیا ٹیسٹ کرکٹ میں بھی نمبر ون ٹیم ہے۔

اس سے قبل ارون فنچ کی شاندار سنچری اور کپتان سٹیو سمتھ کی نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 293 رن بنائے۔ ارون فنچ نے 124 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ کپتان سمتھ نے 63 رن جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 42 رن بنائے۔ سٹوئنس نے 27، میکسویل نے 5، ہیڈ نے 4، ہینڈسکیمپ نے 3 اور اگر نے 9 رن بنائے۔ انڈیا کی جانب سے کلدیپ اور بمبرہ نے دو، دو اور ہاردک پانڈیا اور چہل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔