کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن سے قبل ٹیموں نے اپنے سکواڈز کی از سرنو تشکیل کا عمل شروع کر دیا۔ اس سلسلے میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اہم کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم ملتان سلطان کی شمولیت کے بعد باقی پانچ ٹیموں کو پانچ اکتوبر تک اپنے سکواڈز سے دس کھلاڑیوں کو لازمی ریلیز کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور قلندرز نے کپتان برینڈن میکلم اور سنیل نارائن کو پی ایس ایل تھری کیلئے سکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم عمر اکمل کو ریلیز کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے اور سکواڈ سے احمد شہزاد، عمر گل اور لیوک رائٹ کو ریلیز کئے جانے کا امکان ہے۔
دوسرے ایڈیشن کی چیمپئن پشاور زلمی کے سکواڈ میں حسن علی، وہاب ریاض، محمد حفیظ، جنید خان اور محمد اصغر کو برقرار رکھا جائے گا، البتہ ابھی تک اس بات کا حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا کہ کن کھلاڑیوں کو ریلیز کیا جائے گا۔