اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افغان پالیسی پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا امریکا کو طالبان سے مذاکرات کرنا چاہئیں، لڑائی اور قتل و غارت مسئلے کا حل نہیں، صدر ٹرمپ کے دہشتگردوں کو پناہ دینے کے الزام سے پاکستانیوں کو دکھ ہوا، طالبان کو شکست نہ دے سکنے پر پاکستان پر الزام دھرنا مناسب نہیں۔
عمران خان نے کہا طالبان کے محفوظ ٹھکانے افغانستان میں ہیں، جہاں سے وہ پاکستان پر حملے کرتے ہیں، پاکستان بہت کچھ کر چکا، اب دوسروں کے ڈو مور کی باری ہے۔ انہوں نے کہا ڈرون حملوں سے پاکستان میں امریکا مخالف جذبات ابھرتے ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا وہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی خرابی کے ذمہ دار ہیں، مسئلہ کشمیر کو جلد حل کرنا چاہیئے۔
انہوں نے مغربی پراپیگنڈہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اٹیمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں، پاکستانی فوج کے حوالے سے انہوں کہا فوج ملک کا بھرپور دفاع کر رہی ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔