اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج نواز شریف کو دوبارہ مسلم لیگ (ن) کا قائد منتخب کیا گیا، بعض سیاسی پارٹیوں نے کل بدترین مخالفت کی، کہا گیا کہ ایک شخص کے لیے قانون بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا مخالفین کو واویلا کرنے کا حق نہیں پہنچتا، دھرنوں کے باجود نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، 15 سالوں سے ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بجلی کے نام پر کرپشن ہوئی، قوم کی دولت کو لوٹا گیا، نوازشریف کی قیادت میں توانائی منصوبوں کو تاریخ میں لکھا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا توانائی منصوبوں میں شفافیت کی 70 سال کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کیا احتساب صرف نواز شریف کیلئے ہے، تنقید کرنے والوں نے خیبرپختونخوا میں کتنے میگاواٹ بجلی پیدا کی، کے پی کے میں ڈینگی نے وار کیا تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو اپنی وزارت سے پیار تھا، انہوں نے غلط مشورے دیئے۔