لاہور + اسلام آباد + گجرات: دنیاوی مفادات کیلئے ختم نبوت کے اقرار نامے کی حلفی حیثیت ختم کرکے ایمانی جذبات کو شدید مجروح کیا گیا ہے۔ ختم نبوت سے متعلقہ تبدیلی وترمیم کو مکمل واپس اور حلفی بیان کو اصل صورت میں بحال کیا جائے۔ بصورت دیگر ملک بھر میں زبردست تحریک ختم نبوت چلائی جائیگی اور تاجدار ختم نبوت لانگ مارچ کیا جائیگا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ۖ کے قائدین پیر محمد افضل قادری، مولانا خادم حسین رضوی، پیر سید ظہیر الحسن شاہ کا لاہور میں احتجاجی دھرنے سے خطاب۔ انتخابی اصلاحات بل کے نام پر ختم نبوت کی قانونی شقوں میں تبدیلی کیخلاف تحریک لبیک یارسول اللہ کا احتجاجی دھرنا منگل کو رات دو بجے تک جاری رہا۔ جس میں ملک کے اکابر علماء ومشائخ اور سنی رہنماؤں سمیت ہزاروں غلامان رسول نے پرجوش شرکت کی۔
اس موقع پر فضا ”ختم نبوت کے حلفی بیان میں تبدیلی نامنظور”، ”ختم نبوت پر جان بھی قربان ہے” اور ”لبیک یارسول اللہ” کے نعروں سے گونجتی رہی۔ علماء کرام نے کہا کہ ختم نبوت سے متعلقہ تبدیلی بدنیتی اور ظلم ہے جسے کسی صورت قبول اور برداشت نہیں کیا جائیگا اور حکومت کو یہ ترمیم واپس لینے پر مجبور کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جلسے جلسوں اور احتجاجی تحریک کے علاوہ عدالت سے بھی رجوع کیا جائیگا۔ علماء نے مزید کہا کہ ایمان بیچنے والے کل بروز قیامت کس طرح سرکار دو عالم ۖ کا سامنا کرینگے۔