راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق، بازیاب ہونے والوں میں 1 کینیڈین شہری، اس کی امریکی نژاد بیوی اور تین بچے شامل ہیں۔ ان تمام افراد کو افغان دہشتگردوں نے 2012ء میں اغوا کیا تھا۔
امریکی خفیہ اداروں نے کل پاکستان کو ان یرغمال بنائے گئے افراد کے افغانستان سے پاکستان منتقل کئے جانے کی اطلاع دی تھی اور آج پاک فوج نے انہیں دہشتگردوں سے بازیاب کرا لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، امریکی خفیہ اداروں نے ایک روز پہلے یرغمال خاندان کی افغانستان سے پاکستان منتقلی کی اطلاع دی۔ دہشتگردوں نے مغویوں کو کرم ایجنسی کے ذریعے پاکستان منتقل کیا تو پاکستانی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کیا اور پانچوں افراد کو بازیاب کرا لیا۔
عسکری ترجمان کا کہنا ہے کہ کامیاب آپریشن سے اس عزم کا اعادہ ہوتا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ بازیاب کرائے گئے خاندان کو واپس ان کے ملک بھجوایا جا رہا ہے۔