تحریر : رانا اعجاز حسین چوہان اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے خوراک و زراعت ”ایف اے او ” کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت اسی کروڑ سے زائد افراد شدید غذائی قلت کا شکار ہیں ۔ اور افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، جوکہ سال 2015ء کے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح دنیا بھر میں 5 سال تک کی عمر کے پندرہ کروڑ پچاس لاکھ بچے ایسے ہیں جن کی جسمانی و ذہنی نشودو نما پر غذائیت کی کمی کی وجہ سے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں جس کے باعث وہ باقی کی زندگی بھی ان اثرات سے دوچار رہیں گے۔ اسوقت دنیا بھر کے 19 سے زائد ممالک میں غذائی بحران جاری ہے اور یہاں بسنے والے افراد شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔ جبکہ دنیا میں غربت کی شکار آبادی کا 60 فیصد حصہ جنگ زدہ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا شکار ممالک میں مقیم ہے، اور تقریباً دو کروڑ افراد یمن، سوڈان، نائجیریا اور صومالیہ میں قحط کا شکار ہیں۔ عالمی ادارہ خوراک کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے بھوک کا شکار غریب ممالک کو مالی امداد بھی فراہم نہیں کی جارہی۔ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت سنہ 2030ء تک صفر بھوک (زیرو ہنگر) کا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے تاہم اس کے لیے سخت محنت، ترقی اور بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، جبکہ سیاسی قیادت کی مدد اور امن کے بغیر غربت اور بھوک سے نجات ممکن نہیں۔ لوگوں کو بھوک سے بچانے کے لیے ان کے روزگار کا تحفظ بقینی بنانا ہوگا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے زیر اہتمام ہر سال سولہ اکتوبر کا دن ”عالمی یوم خوراک ” کے طور پر منایا جاتا ہے،انیس سو اناسی میں اس ادارہ کی بیس ویں جنرل کانفرنس میں یہ دن باقاعدہ طور پر منانے کی منظوری دی گئی تھی، اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر خوراک کی پیداوار میں اضافہ کرنا اور خوراک کی قلت کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنا، عالمی خوراک کے مسئلے سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنا، اور ناقص غذاء اور غربت کے خلاف جدوجہد کرنا، اور مستقبل میں غذائی قلت جیسے مسئلے سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیا ر کر نا ہے،تا کہ آنے والی نسلوں کو غذائی قلت کے عذاب سے بچا یا جاسکے۔ اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں مختلف تقریبات و سیمینار زکا انعقاد کیا جاتا ہے۔ عالمی اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی کل ساڑھے بیس کروڑ سے زائد آبادی میں سے پانچ کروڑ افراد ایسے ہیں جنہیں پیٹ بھر روٹی میسر نہیں۔
ملک میں غربت و مہنگائی کے باعث غریب افراد اپنی آمدنی کا ستر فیصد خوراک پر خرچ کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ امراء کا ایک بڑا طبقہ خوراک وافر مقدار میں میسر ہونے کے باعث استعمال نہ کرکے ضائع کردیتا ہے۔ اس دن کو منانے کا ایک مقصد ضرورت سے زائد میسر خوراک کے حامل افراد کو اس بات کا احساس دلانا بھی ہے کہ وہ طبقاتی فرق کو مٹاتے ہوئے دوسرے افراد کا بھی خیال رکھیں۔ خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اس بات کو بھی موضوع بحث بنایا جانا ضروری ہے کہ ہر سال 1.3 بلین ٹن خوراک ضائع ہو جاتی ہے ، اس ضائع ہونے والی خوراک کے محض ایک چوتھائی حصے سے ہم دنیا بھر میں موجود اسی کروڑ سے زائد بھوکے لوگوں کو کھانا کھلا سکتے ہیں۔
قدرت الٰہی نے سرزمین پاکستان کو بیش بہا نعمتوں سے نوازا ہے،زرعی زمین تو قدرت کا بہت بڑا عطیہ ہوتی ہے اورپاکستان اس نعمت سے مالا مال ہے۔پاکستان میں کل قابل کاشت زمین کا رقبہ تقریباً 55 ملین ہیکڑ ہے۔لیکن افسوس کہ اس زمین کا صرف آدھا رقبہ ہی استعمال میں لایا جا رہا ہے جبکہ بقایا سرمائے کی کمی ،پانی کی قلت ،سرکاری جاگیر اور دیگر مسائل کی وجہ سے بیکار پڑی ہے۔ لیکن پھر بھی ہمارے ملک میں زراعت کا شعبہ سب سے بڑا شعبہ ہے اور ملکی پیداوار کا چوتھا حصہ اس سے ہی حاصل ہوتا ہے، لیکن اس شعبے میں مزید بہتری لا کرہم اپنی برآمدات کو بڑھا سکتے ہیں۔ہر سال کئی ہزار ایکڑ کی فصلیں بارش،سیلاب یا کیڑے وغیرہ لگنے سے تباہ ہو جاتی ہیں۔ حکومت کو ان فصلوں کو محفوظ کر نے کے لئے اقدامات کرنا چاہئے ۔اور کسانوں کے لئے کیڑے مار ادویات ،سپرے اور کیمیائی کھادیں وغیرہ کو سستا کیا جائے تا کہ کسان ان کا استعمال کرکے فصلوں کی نشودونما کو مزید بہتر، اور اضافی غذائی پیداوار کے حصول کو یقینی بنا سکیں۔
یہاں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتیں، اقوام متحدہ جیسے ادارے اور ترقیاتی ایجنسیاں مل کر خوراک کوضائع کرنے والے لوگوں کی ذہنیت کو بدلنے کی کوشش کریں ، خوراک تیار کرنے والے اداروں، سپر مارکیٹوں اور صارفین میں خوراک کو ضائع کرنے والے رویوں کی حوصلہ شکنی کریں کیونکہ کھاتے پیتے گھر کا ہر فرد غذائی اجناس ضائع کرکے پھینک کر غریبوں کے منہ میں ہاتھ ڈال کر نوالہ نکالنے کا مجرم بنتا جا رہا ہے۔ یہاں اگر ہم صرف اس بات پر غور کر لیں جو حضرت عا ئشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرما تی ہیں کہ ایک دن امام انبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم گھر تشریف لائے تو آپ نے ایک روٹی کا ٹکڑا زمین پر پڑا ہوا دیکھا ، آپ نے اس کو اٹھایا، صاف کیا اور نوش فرما لیا۔ اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو فرمایا کہ اچھی چیز کا احترام کیا کرو ، روٹی جب کسی سے بھا گتی ہے تو لوٹ کر نہیں آتی۔ ( اچھی چیز سے یہ بھی مرا د ہے کہ اللہ تعالیٰ کی دی ہو ئی دوسر ی اشیاء کی بھی قدر کیا کرو ) اور جو چیز زیادہ معلوم ہو وہ کسی حق دار کو دے دیا کر و”۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کایہ ارشاد ہمیں بہت کچھ سوچنے اور رزق کی قدر کی دعوت دے رہا ہے۔
Rana Aijaz Hussain
تحریر : رانا اعجاز حسین چوہان ای میل:ra03009230033@gmail.com رابطہ نمبر:03009230033