اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کے کور گروپ کا اجلاس ختم ہو گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت پر الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کیخلاف کارروائی جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتخابی قوانین پر عملدرآمد اور انتخابات کا شفاف انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی فریضہ ہے اور الیکشن کمیشن اپنے بنیادی فریضہ کی انجام دہی میں ناکام رہا ہے۔ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف کو پہنچنے والے نقصان کا احساس کرے، الیکشن کمیشن نے جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے کچھ نہیں سیکھا، الیکشن کمیشن عدالتی کمیشن کے 40 سے زائد نقائص کی درستگی میں بھی ناکام رہا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق، چیف الیکشن کمشنر نے این اے 120 اور این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی جانب سے قانون شکنی کو نظرانداز کیا، تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت اپنا نکتہ نظر بیان کرنے کا پورا حق حاصل ہے، الیکشن کمشن کا تنقید سے روکنا جمہوری و سیاسی اقدار پر قدغن کے مترادف ہے۔