کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار عرفان سولنگی عرف پٹی والا نے قومی مسائل و بحرانوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کی وجہ و بنیاد عدم مساوات ہے گوپاکستان ایک اسلامی ملک ہے مگر اس کے باوجود اس ملک میں ایمان ‘ اخلاق ‘ کردار اور صلاحیت کی بجائے رنگ ‘ نسل ‘زبان ‘ذات ‘ حیثیت ‘ مرتبہ اور اختیار اور اہمیت کی دی جاتی ہے جس کی وجہ سے کمزور ہمیشہ حق اور انصاف سے محروم رہتے ہیں اور طاقتور احتساب سے بالا و سزا سے مبرا قرار پاتے ہیں جو اس ملک میں کرپشن ‘ استحصال ‘نا انصافی اور مظالم کو دینے کاباعث ہے جس سے پیدا ہونے والی بھوک ‘ افلاس ‘ غربت اور وسائل سے محرومی کی غیر انسانی زندگی جس مایوسی جو جنم دے رہی ہے وہ دہشتگردی ‘ بد امنی اور معاشرتی و سماجی جرائم کے فروغ کا باعث ہے۔
اسلئے آئین پاکستا ن میں مساوات کو اہمیت اور قوانین و نظام میں مساوات کی عملداری یقینی بنائے بنا نہ تو انصاف و احتساب ممکن ہے ‘نہ کرپشن سے نجات مل سکتی ہے ‘ نہ دہشتگردی کا خاتمہ ہوسکتا ہے ‘ نہ مکمل امن قائم کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی ملک سے غربت ‘ بیروزگاری ‘ جہالت اور بیماری کا خاتمہ کرکے پاکستان کے ہر شہری کو تعلیم ‘ علاج ‘ روزگار ‘ رہائش اور خوشحالی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے اسلئے ضروری ہے کہ پارلیمان مساوات کی عملداری کیلئے قوانین سازی کرے اور آئین سے ہر قسم کے استثناءکا خاتمہ کیا جائے اور مساوات کے مطابق ہر ایک سے سلوک و انصاف کیا جائے تو یقینا اس ملک میں اصلاح احوال ممکن ہے بصورت دیگر تبدیلی کا ہر نعرہ‘ ترقی کا ہر دعویٰ ‘ انصاف کا ہر وعدہ اور تحفظ کا ہر اقدام صرف دھوکا اور سراب ہے۔