اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ، وزیر دفاع، سیکرٹری خارجہ، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ کو دہشتگردی کے خلاف کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان نے دہشگردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی ملک سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان پہنچنے سے پہلے گزشتہ روز ریکس ٹیلرسن نے پاکستان سے تمام تر تعلقات کا انحصار طالبان کے خلاف ایکشن سے مشروط کر دیا تھا۔ دوسری جانب، گزشتہ روز بگرام ایئربیس پر ریکس ٹیلرسن سے ملاقات کرنے والے افغان صدر اشرف غنی بھی نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔
کیا ڈو مور کی آڑ میں پاکستان کے خلاف پھر گھیرا تنگ کرنے کی کوششیں جاری ہیں؟ طالبان کو مذاکرات کی دعوت دینے والا امریکہ پاکستان کو ایکشن لینے پر کیوں مجبور کر رہا ہے؟ کیا امریکہ اپنی تمام تر ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔