کمالیہ (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ سے) کمالیہ مسیح برادری کا مشترکہ اجلاس مسیح آبادی میں منعقد ہو ا۔جس میں اس بات کا مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر کوئی بھی مسیح منشیات فروخت کرتے ہوئے یا پیتے ہوئے پکڑا گیا اس کو مسیح برادری کی طرف سے بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور سخت قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار ضلعی کوارڈینیٹر برائے انسانی حقوق اقلیتی امور ٹوبہ ٹیک سنگھ اشرف جان سندھو نے اپنے ایک بیان میں کہا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس حوالہ سے ڈی ایس پی کمالیہ مہر محمد سعید سے ملاقات بھی کی ہے اور اس حوالہ سے مکمل طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ اگر مسیح آبادی میں کوئی بھی مسیح آدمی منشیات فروخت کرتے ہوئے یا پیتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کو مسیح برادری کے فیصلہ کے مطابق فوری طور پر 10ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا اور اس کے خلاف مسیح برادری کے لوگ سخت قانونی کاروائی بھی کریں گے اشرف جان سندھو نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈی ایس پی کمالیہ مہر محمدسعید نے ہمارے اس فیصلہ کو خوش آئند قرار دیا ہے اور مکمل طور پر ہر قسم کے تعاون کا بھی یقین دلایا ہے ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ سے) تیز رفتار سے رکشہ چلانے والے کے خلاف مقدمہ درج ۔تفصیل کے مطابق تھانہ موڑ کے قریب سے SIمحمد مصطفی ٹریفک پولیس سرکل کمالیہ نے ہمراہ ملازمین تھانہ سٹی کمالیہ میں مقدمہ درج کروایا کہ ملزم مسمی عمران ولد ظفر قوم سکنہ 191گ ب نے موٹر سائیکل رکشہ نہایت تیز رفتار غفلت لا پرواہی اور خطر ناک حالت میں اوور لوڈ کر کے ارتاکاب جرم کیا ہے جس پر تھانہ سٹی پولیس کمالیہ نے دفعہ 279ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ سے) جماعت اسلامی کے تحصیل امیر میاں محمد صابر نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے کا عہد کر رکھا ہے اقتدار کے نشے میں دھت قومی اداروں پرتلخ جملوں سے حملے کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیںکرپٹ نااہل حکمرانوں کی بدولت آج پاکستان کا پڑالکھا نو جوان بے روز گار ،نوکری کی خاطر دربدر کی ٹھوکریں کھاتے دکھائی دیتا ہے۔ حکمرانوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔ حکومت کی ناکام اقتصادی اور معاشی پالیسیوں کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے ، ن لیگ نے الیکشن عوام سے کئے گئے وعدے بھلا دیئے ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ سے) کمالیہ میں جعلی نوٹ گردش کرنے لگے۔ شہری لٹنے لگے نوسر باز وں کا طریقہ واردات یہ ہے کہ دکاندار سے ایک سو کا سودا سلف خریدتے ہیں اور ایک ہزار کا جعلی نوٹ تھما کر بقایا رقم لے کر غائب ہوجاتے ہیں ایک ہزار کا جعلی نوٹ اصلی کی طرح دکھائی دیتا ہے جس سے دکاندار دھوکا کھا جاتے ہیں۔دکانداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوسرباز گروہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ سے) حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسلم لیگ (ن)کا اقتدار میں رہنا بہت ضروری ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما ء ابوربکر انصاری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی۔ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسلم لیگ (ن)کا اقتدار میں رہنا ضروری ہے۔اس لئے پاکستان کے غیور عوام آئندہ انتخابات میں اسی جماعت کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے ،انہوں نے کہا مسلم لیگ نے گزشتہ چار سالوں میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور ملک و قوم کو بحرانوں کے گرداب سے نکالنے کے ساتھ وطن عزیز کا بین الاقوامی سطح پر وقار بلند کرنے کیلئے بھی مثالی کردار ادا کیا ، اس عرصہ میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کمالیہ ( ڈاکٹر غلام مرتضیٰ سے) کمالیہ شہر ونواح میں ڈبہ پیر اور جعلی عاملوں کی لوٹ مار عوامی و سماجی حلقوں کا جعلی عاملوں اور ڈبہ پیروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر اور گردونواح میں جعلی عاملوں اور ڈبہ پیروں نے ڈیرے ڈال لئے ،جعلی عامل سادہ لوح عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔جعلی عامل اور ڈبہ پیر سادہ لوح عوام کو سبز باغ دکھا کر ہزاروں روپے بٹور لیتے ہیں۔ پسند کی شادی ،گھریلو ناچاقی اور جادو ٹونے کے نام پر چیلوں کے ذریعے سادہ لوح افراد کو ورغلایا جاتا ہے۔جعلی عاملوں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔رش کے باعث باقاعدہ طور پر ٹوکن کے ذریعے ٹائم دیا جاتا ہے ،گھریلو ناچاقی ختم کرنے کے بجائے ایسے ہزاروں گھر ان عاملوں کی وجہ سے اجڑ چکے ہیں۔جعلی عامل تعویذ لکھنے کے لئے زعفران اور بکرے کا صدقہ طلب کرتے ہیں۔ان پیروں کے چکر میں آکر خواتین اپنے قیمتی زیورات اور نقدی پانی کی طرح بہا دیتی ہیں۔عوامی وسماجی حلقوں نے ان جعلی عاملوں اور ڈبہ پیروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔