اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے دونوں صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے اثاثوں کی قرقی کا عمل شروع کر دیا۔
نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں جمع کرائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین ریفرنسز میں مفرور ملزمان حسن اور حسین نواز کے 6 کمپنیوں میں شیئرز ہیں۔
عدالت نے نیب رپورٹ پر ایس ای سی پی کو تمام کمپنیوں میں ملزمان کے شیئرز قرق کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے مزید کارروائی 14 نومبر تک ملتوی کر دی۔
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ نواز شریف کے وکیل کے مطابق تینوں ریفرنسز کے الزامات ایک جیسے ہیں، انھیں یکجا کیا جائے۔
درخواست کی باقاعدہ سماعت کی منظوری سے قبل نیب کو نوٹس جاری کیا جا رہا ہے۔
عدالت نے نوازشریف کے وکیل کو فرد جرم کی چارج شیٹ 2 نومبر کو پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کیا تینوں ریفرنسز کے مبینہ جرائم بارہ ماہ کے اندر اندر سرزد ہوئے یا نہیں۔