اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے کے عملے کے رکن کو قتل کر دیا گیا ہے۔ رانا نیئر جلال آباد میں پاکستانی سفارتی عملے میں اسسٹنٹ تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سفارتی عملے کے رکن کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، افغان حکومت پاکستانی سفارتی عملے کی سکیورٹی بڑھائے۔
نیئر اقبال کو جلال آباد قونصلیٹ کے قریب قتل کیا گیا۔ رانا نیئر اقبال اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکریٹری کے طور پر کام کر رہے تھے۔ان کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔ انہیں اس وقت قتل کیا گیا جب وہ مغرب کی نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے واپس اپنے گھر جا رہے تھے۔
رانا نیئر اقبال کے قتل کے بعد اسلام آباد میں تعینات افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے واقعہ پر شدید احتجاج کیا گیا۔ سیکریٹری خارجہ نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان میں پاکستانی سفارتکار کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور شہید کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی رانا نیئر کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔