واشنگٹن (جیوڈیسک) پولیس اطلاعات کے مطابق، جمعے کے روز فرانس کے شہر توسے کے قریب ایک شخص نے، جن کے لیے بتایا جاتا ہے کہ وہ نفسیاتی مسائل کا شکار رہا ہے، اپنی موٹر گاڑی تین چینی طالب علموں کے اوپر چڑھا دی، جس میں وہ زخمی ہوئے۔
فرانس کے حکام کا کہنا ہے کہ 28 برس کا ڈرائیور، ماضی میں عام نوعیت کے جرائم میں ملوث رہا ہے۔ لیکن اُنھیں شدت پسند قرار نہیں دیا گیا۔ اُنھیں فوری طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔
توسے شہر کے وکیل استغاثہ، پیرے کولے نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ یہ شخص گذشتہ دسمبر کے اواخر سے اسپتال میں زیر علاج رہا ہے۔
کولے نے بتایا کہ ’’فی الحال، اسے دہشت گرد واقعہ قرار نہیں دیا جا رہا ہے، حالانکہ اس امکان کو بعید از قیاس قرار نہیں دیا جا سکتا‘‘۔
پولیس نے بتایا ہے کہ واقعے کی تفتیش عام استغاثہ کرے گا نہ کہ انسداد دہشت گردی کے اہل کار۔
حکام نے کہا ہے کہ یہ حملہ سماجی تحقیق کے ادارے کے سامنے پیش آیا۔ پولیس کے مطابق، ڈرائیور نے دانستہ طور پر طالب علموں پر کار چڑھا دی۔