اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو اشتہاری ملزم قرار دینے کی درخواست پر سماعت کا آغاز ہو گیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مذکورہ کیس کی سماعت شروع کی، تاہم نیب کے تفتیشی افسر کی عدم حاضری کے باعث سماعت میں وقفہ کیا گیا ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس کے تفتیشی افسر بھی لاہور سے آتے ہیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز میں سابق وزیراعظم کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو مفرور ملزم قرار دے کر ان کا کیس الگ کرنے اور انہیں اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دی تھی، جو رواں ماہ 10 نومبر کو ختم ہوگئی تھی۔
عدالتی ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد مفرور ملزمان حسن اور حسین نواز کو اشتہاری ملزم قرار دے کر جائیداد ضبطگی کی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
ماعت کے دوران نیب حکام مفرور ملزمان حسن اور حسین نواز کی جائیداد سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں پیش کریں گے۔
واضح رہےکہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف تین اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس دائر کیا ہے۔