اسلام آباد (جیوڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اقتدار کی منتقلی جمہوری طریقے سے ہو۔
آئندہ الیکشن پر بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی چئیرمین کا کہنا تھا کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہونے چاہئیں، ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے اور اقتدار کی منتقلی جمہوری طریقے سے ہو، لیکن عمران خان کو پتہ نہیں کس چیز کی جلدی ہے،شاید انہیں ڈر ہے کہ الیکشن وقت پر ہوئے تو ان کا مینڈیٹ کم ہو جائے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مردم شماری کو بلکل ہی متنازع بنا دیا گیا ہے، مردم شماری میں شہر کراچی کے 6 ملین لوگوں کا کم اندارج کیا گیا ہے، اگر ہمارے تحفظات دور نہ کیے گئے تو مردم شماری کے نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔
کراچی کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ کراچی میں جو کچھ ہوا اس سے کراچی کے عوام کی تذلیل ہوئی ہے، اقتدار میں آ کر کراچی کو اس کا حق دیں گے، مسلم لیگ ن پر غصہ نکالتے ہوئے پی پی قائد کا کہنا تھا کہ ناکام لیگ ہمیشہ عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے ، پرویز مشرف مفرور ہیں، اُن پر سنگین مقدمات ہیں، انہیں پاکستان آ کر عدالتوں میں پیش ہونا چاہیے ، کیونکہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم، پی ایس پی، عمران خان اور بھاگا ہوا ڈکٹیٹر جو مرضی کر لیں 2018ء کے انتخابات میں کراچی میں پیپلزپارٹی ہی کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی سیاست میں گند پھیلایا جا رہا ہے ۔ متحدہ پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی نے ایک دوسرے پر بہت سنگین الزامات عائد کیے ہیں، اس لیے ان الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے ، دونوں جماعتوں نے جو کچھ بھی کیا اب انہیں اس کا جواب دینا ہو گا۔