اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور، سپریم کورٹ نے علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا وفاق سب کیساتھ یکساں سلوک کیوں نہیں کرتا؟، سنگین غداری سمیت کئی مقدمات کے ملزم باہر بیٹھے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ڈاکٹر عاصم حسین کی علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کے عدالتی حکم پرعملدرآمد نہیں کیا گیا۔
حکومتی وکیل کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے ای سی ایل میں نام نیب کی سفارش پر ڈالا، وفاق خود سے کسی شخص کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالتا۔
جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ قانون کا معیار سب کیلئے یکساں کیوں نہیں ہے، سنگین غداری سمیت کئی مقدمات کے ملزم باہر بیٹھے ہیں، باہر بیٹھ کر بہت بڑے بڑے کام ہو رہے ہیں، کیا بیرون ملک سے ملزمان کی واپسی کیلئے اقدامات کیے گئے، وفاق کا ای سی ایل میں نام ڈالنے کا معیار ہونا چاہیے، قانون کا غیر مساوی اطلاق برا لگتا ہے۔
عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ بیرون ملک جانے کی اجازت احتساب عدالت سے لی جائے۔