ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار کپل شرما اب ہالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحتیوں کا جادو دکھاتے نظر آئیں گے۔
لاکھوں لوگوں کے چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے نامور مزاحیہ اداکار کپل شرما ان دنوں اپنی دوسری بالی ووڈ فلم ’فرنگی‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور خوب زوروشور سے فلم کی پروموشن کررہے ہیں۔
حال ہی میں کپل کی جانب سے فلم کی تشہیری تقریب میں ہالی ووڈ میں انٹری دینے کے اعلان نے میڈیا سمیت ان کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔
تقریب کے دوران فلم ’فرنگی‘ کے ہدایت کار راجیو دھینگرا نے کپل کی ہالی ووڈ میں انٹری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کپل کو ہالی ووڈ کی معروف کمپنی ’بیڈماماز‘ کی جانب سے پیشکش ہوئی جو کپل کو لے کر مزاحیہ سیریز بنانا چاہتی ہے۔
سیریز کی کہانی ایک ہالی ووڈ اورایک بھارتی اداکار کے گرد گھومتی ہے تاہم کپل نے ابھی کمپنی کے ساتھ باضابطہ معاہدہ نہیں کیا البتہ انہیں سیریز کی کہانی بہت پسند آئی ہے۔
دوسری جانب کپل نے بھی ہالی ووڈ سے آفر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کچھ عرصہ قبل ایک اسکرپٹ موصول ہوا تھا جسے دیکھ کر ان کی حیرت اور خوشی کی کوئی انتہا نہیں رہی تھی اور وہ بہت جلد ہالی ووڈ جا کر کمپنی سے اس بارے میں بات کریں گے۔
واضح رہے کہ سنیل گروور سے لڑائی کے بعد کپل کے ستارے گردش میں تھے تاہم اب ایسا لگ رہا ہے کہ کپل کی زندگی کا برا دور ختم ہوچکا ہے اوروہ واپس اپنے عروج کی جانب جا رہے ہیں۔