اسلام آباد (جیوڈیسک) سرکاری ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے استعفیٰ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پیش کیا۔
وفاقی وزیرِ قانون زاہد حامد نے فیض آباد دھرنے کی بگڑتی صورتحال کے باعث استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ دھرنا مظاہرین کے مطالبے کے مطابق انہیں وزیرِ قانون کے استعفے سے آگاہ کیا جائے گا اور دھرنا ختم کرانے کی یقین دہانی لی جائے گی۔
اس سے قبل وزیرِ قانون زاہد حامد نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات کی تھی اور انہیں وزارت سے مستعفی ہونے کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔
زاہد حامد نے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ ن کے پارٹی صدر نواز شریف کو بھی اس فیصلے پر اعتماد میں لیا تھا۔