اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے دھرنا مظاہرین نے زیادہ تر جگہوں سے راستے خالی کر دیئے، پرامید ہیں شام تک راستے کھل جائیں گے۔
احسن اقبال نے کہا دھرنے نے ہمارے لیے بہت سے سوالوں کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہا لوگوں کو مشتعل کیا گیا اور گھروں پر حملے کیے گئے، جن کے گھروں پر حملہ کیا گیا وہ بھی مسلمان ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا ہم حالت جنگ میں ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں، پاکستان کے خلاف بیرونی سازشیں کی جا رہی ہیں، ایسے اقدامات سے دشمن خوش ہوتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا صورتحال خراب ہونے میں چند ناکام سیاستدانوں کا بھی ہاتھ ہے، چند ناکام سیاستدانوں نے چنگاری پر پٹرول کا کام کیا، ایسے بحرانوں سے حکومت نہیں بلکہ ریاست کمزور ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا مجھے توہین عدالت کا نوٹس دیا گیا کہ آپریشن سے کیوں روکا، انتخابات بل کو سب جماعتوں نے مل کر پاس کیا تھا، سیاسی جماعتوں کا حق تھا کہ وہ زاہد حامد کی پشت پر کھڑے ہوتے لیکن سیاسی جماعتوں نے اس موقع پر بھی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی کے مقامی صدر کر رہے تھے، ٹرین اور سڑکوں کو بلاک کر دیا گیا تھا، ملک میں پٹرول کی سپلائی بند ہو گئی تھی۔ احسن اقبال نے کہا سول اور عسکری اداروں نے قیام امن کے لیے کردار ادا کیا۔