نیو یارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بات کرتے ہوئے امریکا کی مندوب نکی ہیلی نے کہا کہ وہ شمالی کوریا سے جنگ نہیں کرنا چاہتے لیکن اگر ایسا ہوا تو وہ پیانگ یانگ کو مکمل طور پر تباہ کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے چینی ہم منصب سے شمالی کوریا کو تیل کی فراہمی روکنے پر بات کی ہے۔ نکی ہیلی نے امید ظاہر کی کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔
دوسری طرف امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے تازہ ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کا چینی صدر شی جن پنگ سے رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے چینی صدر سے شمالی کوریا کے اشتعال نگیز اقدامات پر بات کی ہے۔
امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ شمالی کوریا پر مزید پابندیاں بھی لگائیں گے۔