کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے ملیر میں سگی بہن کے قتل کا معمہ حل ہو گیا، سگی بہن نے اپنے منگیتر کے ساتھ مل کر اپنی بہن کو قتل کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق ملزم مظہر گھر کے پچھلے راستے سے اندر داخل ہوا، مقتولہ علینہ کی بہن علوینہ نے دروازہ کھول کر اپنے منگیتر مظہر کو گھر میں بلایا۔
اپنے بیان میں ملزمہ کا کہنا تھا کہ وہ اکثر گھر میں اپنے منگیتر سے ملا کرتی تھی جس پر اس کی بہن گھر والوں کو آگاہ کر دیتی تھی۔ اس لئے اس نے اپنی بہن علینہ کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔
واردات کے روز بھی اس نے مظہر کو گھر بلایا اور پہلے بہن کو گلے پر چھری چلا کر قتل کیا اور اس کے بعد واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ ملزمہ کا کہنا تھا کہ اس نے قاتل کو چھری بھی خود فراہم کی اور اس کے بعد اپنے سر اور بازو پر زخم بھی خود لگائے، بعد میں مظہر کو موبائل اور نقدی دے کر فرار کروا دیا۔ پولیس نے ملزمہ کے بیان کی روشنی میں مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔