اسلام آباد (جیوڈیسک) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں، وزارت خارجہ اور ہیگ میں پاکستان کے سفارتخانے نے مل کرجواب تیار کیا ہے جو آج عالمی عدالت انصاف کو جمع کرا دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جواب ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر کے ذریعہ جمع کرایا جائے گا، حکومت پاکستان کی طرف سے اٹارنی جنرل اوشتر اوصاف سارے معاملہ کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے جواب میں بھارت کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن نے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، ایک دہشت گرد کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں نہیں چلایا جا سکتا، اسے پاکستان نے تمام عدالتی کارروائی اور اپنی صفائی کا بھرپورموقع دینے کے بعد سزا سنائی ہے، انسانی بنیادوں پر کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کرائی جا رہی ہے۔
جواب میں کلبھوشن کے خلاف ثبوت اور تمام تر تفصیلات شامل کی گئی ہیں اور پورے عدالتی طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ہے جس کے تحت اسے سزا سنائی گئی۔