لندن (جیوڈیسک) برطانوی گلوکارہ تانیہ ویلز مشرقی موسیقی کو بے حد پسند کرتی ہیں، جن کی قوالی پڑھتے ہوئے ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ اس بار تانیہ دبئی میں ایک سڑک پر دما دم مست قلندر قوالی پڑھتے ہوئے نظر آئیں، اس موقع پر ان کے ساتھ ان کی جڑواں بہن نکی بھی موجود تھیں۔
تانیہ کی گلوکاری کی یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ صرف گٹار کی دھن پر خوبصورت انداز سے یہ قوالی پڑھ رہی ہیں۔
اس حوالے سے تانیہ نے فیس بک پر بتایا کہ ہم دبئی میں موجود تھے جہاں لوگوں کو محظوظ کرنے کے لیے میں نے یہ قوالی پڑھی۔
ایک ہفتے بعد مجھے یہ ویڈیو دکھائی گئی جسے بہت سے لوگ شیئر کر چکے تھے۔
خیال رہے کہ تانیہ ویلز کو مقبولیت اس وقت ملی جب انہوں نے مشہور قوالیوں کی گلوکاری کی اور اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کیں۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں تانیہ ویلز کا کہنا تھا کہ وہ نصرت فتح علی خان کی بہت بڑی مداح ہیں۔