میاں چنوں (نمائندہ خصوصی) یونین کونسل 58 امرت نگر کے چئیرمین چوہدری سلامت اللہ رکھا نے کوئٹہ میں چرچ پر ہونے والے خودکش حملہ کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بھر کی مسیحی برادری کرسمس کے تہوار کو منانے کی تیاریاں کر رہی ہے اور اس حوالے سے گرجا گھروں میں مختلف مذہبی تقریبات کی شروعات ہو چکی ہیں۔
لہذا حکومت کو ان ایام میں مسیحی عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کرنے چاہئیں تاکہ اس قسم کے سانحات سے بچا جا سکے۔اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور انتہا پسند عناصر وطنِ عزیز کی پر امن اقلیتوں کو نشانہ بناتے ہوئے نہ صرف معاشرے میں بد امنی اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ملک کی ساکھ کو خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کی ناپاک سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے اوراپنے وطن سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ کوئٹہ میں ملوث دہشت گرد عناصر اور انکے سہولت کاروں کا سراغ لگا کر انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔