کراچی (جیوڈیسک) ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینچ میں 824 پوائنٹس کا اضافہ، 100 انڈیکس 39 ہزار 470 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کئی دنوں کی مندی کے بعد اس کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کچھ بہتری دیکھی گئی جس کی سب سے بڑی وجہ سیاسی میدان میں کچھ بہتر حالات ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 824 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 100 انڈیکس 38 ہزار 645 پوائنٹس کی سطح سے 39 ہزار 470 پوائنٹس کی سطح پر بند ہونے میں کامیاب رہا۔
کاروباری ہفتے کے دوران مقامی سرمایا کاروں کا اعتماد تو کچھ حد تک بحال ہوا مگر بیرونی سرمایا کاروں نے 54 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کرڈالے۔ اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کے معاشی اعشاریے بہتر ہیں اور مستقبل میں اس میں مزید بہتری کا امکان ہے مگر جب تک سیاسی استحکام نہیں آجاتا مارکیٹ اسی طرح ہی پرفارم کرتی رہے گی۔